ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اکھلیش کے ڈریم پروجیکٹ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے کی جانچ شروع

اکھلیش کے ڈریم پروجیکٹ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے کی جانچ شروع

Sat, 22 Apr 2017 10:56:47    S.O. News Service

لکھنؤ، 21؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )یوگی حکومت نے اکھلیش حکومت کے مشہور پروجیکٹ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔یوپی حکومت نے اس بارے میں 10اضلاع کے ڈی ایم کو مکتوب بھیجا ہے۔تمام ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گزشتہ 18ماہ میں ہوئی زمین کی خریداری کے ہر معاملے کی جانچ کریں ۔اس جانچ کے دائرے میں ایکسپریس وے کے کنارے کے تقریب 130گاؤں آئیں گے۔الزام ہے کہ کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ان کی زرعی زمین کو رہائشی زمین کے زمرے میں دکھایا گیا ہے، تاکہ انہیں حکومت سے زیادہ معاوضہ مل سکے۔اس ایکسپریس وے کے سروے کے لیے یوگی حکومت نے سرکاری سروے ایجنسی آر آئی ٹی ای ایس سے رابطہ کیا ہے۔لکھنؤ- آگرہ ایکسپریس یوپی انتخابات سے پہلے سرخیوں میں چھایا ہوا تھا ،جہاں اکھلیش حکومت اسے اپنی بڑی کامیابی بتا رہی تھی، وہیں اپوزیشن اس میں گھوٹالے کا الزام لگا رہا تھا۔اکھلیش نے اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی اگر اس ایکسپریس وے پر چلیں گے تو وہ سماج وادی پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے،لیکن اب یوگی حکومت کے اس فیصلے سے اکھلیش حکومت پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔غور طلب ہے کہ لکھنؤ -آگرہ کے درمیان 6لین والا یہ ایکسپریس وے 302کلومیٹر طویل ہے۔لکھنؤ- آگرہ کے درمیان اناؤ میں ایکسپریس وے پر ہوائی پٹی بنی ہے، جہاں ضرورت پڑنے پر لڑاکا طیارے بھی اتارے جا سکتے ہیں۔ایکسپریس وے پر ہوائی پٹی تین کلومیٹر طویل ہے۔ایکسپریس وے پروجیکٹ کے لیے 10اضلاع کے 232گاؤں میں تقریبا 3500ہیکٹر 30456کسانوں کی رضامندی سے خریدی گئی زمین کے لیے ادائیگی کے علاوہ پروجیکٹ کی لاگت کا تخمینہ 11526.73کروڑ روپے مقرر کیا گیا تھا۔


Share: